برطانوی جزیرے سینٹ ہیلینا میں مقیم 'جوناتھن' نامی دنیا کے سب سے معمر ترین کچھوے کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے باضابطہ طور پر ایک 'زندہ علامت' (آئیکون) قرار دے دیا ہے۔ 194 سالہ یہ کچھوا اس وقت دنیا میں خشکی پر رہنے والا سب سے طویل العمر جاندار ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق جوناتھن کا تعلق بحرہند کے جزائر سیشلز سے ہے، جہاں سے اسے 1882 میں سینٹ ہیلینا لایا گیا تھا۔ اس وقت بھی اس کی عمر کم از کم 50 سال تھی، جس کی بنیاد پر اس کی پیدائش کا سال 1832 تسلیم کیا جاتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق وہ اس سے بھی زیادہ بوڑھا ہوسکتا ہے۔
سینٹ ہیلینا کے گورنر نیجل فلپس کا کہنا ہے کہ جوناتھن جزیرے کا ایک نہایت محبوب رہائشی ہے جو گورنر ہاؤس کے احاطے میں رہتا ہے۔ وہ متعدد شاہی شخصیات سے مل چکا ہے اور جزیرے پر پائیدار ثابت قدمی اور ماحولیاتی تحفظ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ دیکھ بھال کرنے والے عملے کے مطابق، 'جونو' کے نام سے پکارا جانے والا یہ کچھوا بڑھتی عمر کے باعث اپنی بینائی اور سونگھنے کی حس کھو چکا ہے، لیکن وہ اب بھی صحت مند ہے، باقاعدگی سے کھاتا ہے اور دھوپ سینکتا ہے۔
واضح رہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے 'آئیکون' کا درجہ ان چند منتخب ریکارڈ ہولڈرز کو دیا جاتا ہے جن کی کامیابیاں دنیا بھر کے لوگوں کے لیے ایک مثال بن چکی ہوں۔