بازو میں ایک سال تک بڑھتی رہی پراسرار گلٹی، آپریشن ہوا تو ڈاکٹر بھی حیران رہ گئے

image

چین کے جنوبی علاقے میں ایک خاتون کے بازو میں موجود تکلیف دہ گلٹی نے اس وقت ڈاکٹروں کو حیرت میں ڈال دیا جب آپریشن کے دوران اس کے اندر سے تقریباً 10 سینٹی میٹر لمبے دو زندہ پیراسائیٹ برآمد ہوئے۔

صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر شینزن میں رہنے والی وانگ نامی خاتون ایک بڑے ابھار اور مسلسل درد کی شکایت لے کر اسپتال پہنچیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بازو میں ایک چھوٹی سی گلٹی تقریباً ایک سال قبل نمودار ہوئی تھی، مگر وقت گزرنے کے ساتھ اس کا حجم بڑھتا گیا اور آخرکار ایک انڈے جتنی بڑی ہو گئی۔

خاتون کے مطابق گلٹی کے مقام پر شدید درد رہتا تھا جس کے باعث روزمرہ کے کام بھی متاثر ہونے لگے، جس کے بعد انہوں نے طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا۔

تفصیلی جانچ اور آپریشن کے دوران ڈاکٹروں نے بازو سے دو لمبے کیڑے نکالے جن کی شناخت اسپارگینم نامی پیراسائیٹ کے طور پر کی گئی۔ ماہرین کے مطابق یہ ایک ایسا طفیلی جاندار ہے جو بعض اوقات آلودہ خوراک یا غیر محفوظ غذائی عادات کے ذریعے انسانی جسم میں داخل ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون نے بتایا کہ وہ اکثر گھر میں مینڈک پکاتی ہیں اور انہیں کاٹنے اور تیار کرنے کے لیے وہی کٹنگ بورڈ استعمال کرتی ہیں جس پر دیگر کھانے بھی تیار کیے جاتے ہیں۔

ماہرین کا خیال ہے کہ غالب امکان یہی ہے کہ کٹنگ بورڈ پیراسائیٹ کے انڈوں یا جراثیم سے آلودہ ہو گیا ہو، جس کے بعد یہ طفیلی کیڑے خوراک کے ذریعے جسم میں منتقل ہوئے اور آہستہ آہستہ مختلف ٹشوز میں حرکت کرتے ہوئے بازو میں جا پہنچے۔

ڈاکٹروں نے خبردار کیا کہ اس قسم کے پیراسائیٹس عموماً انسانی جسم میں بہت زیادہ بڑے نہیں ہوتے، تاہم یہ مختلف حصوں میں منتقل ہوتے رہتے ہیں۔ ان کی ایک عام علامت جلد کے نیچے بننے والی غیر معمولی گلٹیاں یا سوجن ہوتی ہیں، جنہیں اکثر لوگ معمولی مسئلہ سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US