جنوبی افریقہ کی ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 14 سے 24 جولائی تک کراچی میں کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کے تمام میچز نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔
مہمان ٹیم 10 جولائی کو کراچی پہنچے گی، جس کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں 11 سے 13 جولائی تک نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔ سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 14 جولائی، دوسرا 17 جولائی، تیسرا 19 جولائی، چوتھا 22 جولائی اور پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں معاون ثابت ہوگی۔ اس اہم سیریز کی تیاری کے سلسلے میں پی سی بی ویمنز کرکٹ ڈیپارٹمنٹ نے حال ہی میں کراچی میں انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپس کا انعقاد بھی کیا تھا۔