اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر مثبت ہفتہ ریکارڈ کیا گیا

image

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے اس ہفتے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تیزی کا رجحان برقرار رکھا، جس کے دوران سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر 874 ارب 40 کروڑ روپے کا منافع ہوا۔

مارکیٹ کو ایران-امریکا امن معاہدے، مثبت بجٹ اور مانیٹری پالیسی میں شرح سود برقرار رہنے جیسے اہم عوامل نے سہارا دیا، جس کے باعث اسٹاک مارکیٹ تیزی کے ٹریک پر آگئی۔

ہفتے کے دوران مارکیٹ میں چار دن تیزی اور ایک دن مندی ریکارڈ کی گئی، جبکہ جمعہ کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کی خبروں کے باعث انڈیکس میں 2,475 پوائنٹس کی بڑی کمی دیکھی گئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ہفتے کے اختتام پر 1 لاکھ 78 ہزار 922 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ اس دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 82 ہزار 186 جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 75 ہزار 85 پوائنٹس رہی۔

ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 6 ہزار 523 پوائنٹس (3.79 فیصد) کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے ساتھ 1 لاکھ 73 ہزار سے 1 لاکھ 78 ہزار تک کی چھ نفسیاتی حدیں بھی بحال ہو گئیں۔

مارکیٹ کے اوسط یومیہ تجارتی حجم میں 48 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 1 ارب 15 کروڑ شیئرز تک پہنچ گیا، جبکہ اوسط یومیہ تجارتی مالیت 118 فیصد بڑھ کر 22 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

مارکیٹ کی مجموعی کیپیٹلائزیشن بھی 874 ارب روپے کے اضافے کے ساتھ 19 ہزار 995 ارب روپے تک پہنچ گئی، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US