پاکستان کے پہلے فنانشل سروسز ڈسپیوٹ ریزولوشن سینٹر کے قیام کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جو مالیاتی تنازعات کے فوری، کم لاگت اور آسان حل کے لیے ون ونڈو سہولت فراہم کرے گا۔
مجوزہ سینٹر کو ایک آزاد اور غیر منافع بخش ادارے کے طور پر قائم کیا جا رہا ہے، جو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی نگرانی میں کام کرے گا۔
اس سلسلے میں ایس ای سی پی نے اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل مکمل کیا، جس کے دوران امریکہ اور سنگاپور کے ماہرین نے مالیاتی تنازعات کے حل کے بین الاقوامی ماڈلز پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ایس ای سی پی کے کمشنر مظفر احمد مرزا نے کہا کہ مالیاتی نظام کا استحکام کاروباری تنازعات کے مؤثر حل سے جڑا ہوا ہے، جبکہ مالیاتی مارکیٹوں پر عوامی اعتماد کے لیے تنازعات کا تیز اور مؤثر حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لازمی ثالثی کے نظام سے نہ صرف مقدمات کے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ ریکوری کے عمل میں تیزی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔