فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹینا کے ہاتھوں 0-3 کی شکست کے بعد الجیریا نے میچ آفیشلز کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیفا ریفریز کمیٹی میں باضابطہ شکایت جمع کرا دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الجیریا نے اپنی شکایت میں پہلے ہاف کے ایک اہم واقعے کا حوالہ دیا ہے، جس میں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی مبینہ طور پر الجیریا کے کپتان عیسیٰ ماندی کی پنڈلی پر چڑھ گئے تھے۔ اس موقع پر الجیریا کے کھلاڑیوں اور شائقین نے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا، تاہم ریفری نے کوئی سزا نہ دی۔
لیونل میسی نے بعد ازاں میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ہیٹ ٹرک اسکور کی اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔میچ کے بعد تجزیہ کاروں نے بھی اس واقعے پر حیرت کا اظہار کیا کہ متنازع صورتحال میں ریڈ کارڈ کیوں جاری نہیں کیا گیا۔
الجیریا نے ایک اور واقعے کی نشاندہی بھی کی ہے جس میں ارجنٹینا کے مڈفیلڈر الیکسس میک ایلسٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے ابراہیم مازا کے چہرے پر کہنی ماری، تاہم اس پر بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
یہ معاملہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث ہے جہاں صارفین ریفری فیصلوں اور ممکنہ جانبداری پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ دوسری جانب جنوبی افریقا کے کوچ ہیوگو بروس نے بھی سخت فیصلوں پر اعتراض کرتے ہوئے مختلف مواقع پر دی جانے والی سزاؤں کو غیر متوازن قرار دیا ہے۔