ایف آئی ایچ پرو لیگ سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کو بڑا دھچکا

image

پہلے ہی سے مشکلات کا شکار پاکستان ہاکی ٹیم ویزا مسائل کے باعث 23 جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے ایف آئی ایچ پرو لیگ کے آخری مرحلے کے میچز میں اپنے ریگولر کپتان عماد شکیل بٹ اور ممکنہ طور پر ہیڈ کوچ منظور الحسن کی خدمات سے محروم رہے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ عماد کا ویزا مسترد کر دیا گیا ہے، تاہم منظور الحسن کے لیے ویزا حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ وہ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ جا سکیں، جہاں پاکستان کو انگلینڈ اور بھارت کے خلاف چار میچز کھیلنے ہیں۔

پاکستان، جو ایف آئی ایچ پرو لیگ میں جرمنی، نیدرلینڈز، بیلجیم اور اسپین کے خلاف اپنے تمام 11 میچز ہار چکا ہے، لیگ کے ٹاپ ٹیئر (اعلیٰ ترین درجے) سے باہر ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔

پاکستان الیون کے اہم کھلاڑی عماد شکیل بٹ کا ویزا اس لیے مسترد کیا گیا کیونکہ کچھ عرصہ قبل لیگ ہاکی کھیلنے کے دوران انہوں نے انگلینڈ میں اپنے قیام کی مدت سے زائد وقت گزارا تھا ۔بظاہر انہوں نے اس سے قبل سیاسی پناہ کے لیے بھی درخواست دی تھی، لیکن عہدیدار اس بات کی تصدیق نہیں کر سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ویزا مسترد ہونے کی وجہ یہ تھی کہ عماد ماضی میں جب ایک کلب کی طرف سے کھیلنے گئے تھے، تو کلب کے ساتھ کسی غلط فہمی کے باعث انہوں نے اپنی چھ ماہ کی مدت سے زیادہ قیام کیا تھا۔

اب ایک اور سینئر کھلاڑی، ابوبکر ٹیم کی کپتانی کریں گے، جبکہ منظور الحسن کا ویزا بروقت نہ ملنے کی صورت میں طاہر زمان نئے ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں۔

ٹیم کی کارکردگی اور اگست میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بالکل قریب ہونے کے باوجود، ایف آئی ایچ پرو لیگ کے لیے 74 سالہ منظور الحسن اور تمام پاکستانی سپورٹ اسٹاف کو ٹیم کے ساتھ بھیجنے کے فیصلے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US