انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان لارڈز ٹیسٹ میچ کی پچ رپورٹ سامنے آنے کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میچ کی میزبانی لارڈز سے واپس لیے جانے کا امکان ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حالیہ لارڈز ٹیسٹ کی پچ کو ’غیر مطمئن‘ (unsatisfactory) ریٹنگ دی ہے، جس کی وجہ سے فائنل کے انعقاد پر خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈبلیو ٹی سی فائنل کی میزبانی لارڈز کے بجائے اوول گراؤنڈ کو منتقل کی جا سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ آئی سی سی کی جانب سے 2031ء تک ڈبلیو ٹی سی فائنلز کی میزبانی انگلینڈ کو دی جا چکی ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر لارڈز سے فائنل میچ کی میزبانی واپس لے بھی لی جائے، تب بھی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ساتھ معاہدے کے تحت لارڈز میں دو ٹیسٹ میچز کا انعقاد لازمی ہے۔
اس صورتحال میں اولڈ ٹریفورڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شیڈول واحد ٹیسٹ میچ کو لارڈز منتقل کیا جاسکتا ہے۔