پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر جنرل مینیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون نے پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں کے لیے پروفیشنل کرکٹر بننے کے مکمل طریقہ کار اور راستے کی وضاحت کی ہے۔
اسامہ شارون کا کہنا ہے کہ اسکول میں پڑھنے والے بچے اب پی سی بی کے اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کے ذریعے آگے آسکتے ہیں اور اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنے ریجن کی انڈر 15 اور انڈر 17 ٹیموں میں جگہ بنا سکتے ہیں، جبکہ ان ریجنل ٹیموں میں ٹرائلز کے ذریعے بھی شمولیت اختیار کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑی ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کھیل کر بھی ریجنل کرکٹ کا حصہ بن سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 19 سال سے بڑی عمر کے کھلاڑی اپنے اپنے ضلع میں چیلنج لیگ ٹورنامنٹ کھیل کر انٹر ڈسٹرکٹ تھری ڈے ٹورنامنٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کر سکتے ہیں۔ ریجنل کرکٹ میں سلیکشن کے بعد کھلاڑیوں کے لیے قائد اعظم ٹرافی اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیسے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے دروازے کھل جاتے ہیں۔
اسامہ شارون نے واضح کیا کہ ریجنل کرکٹ میں بہترین پرفارمنس دکھانے والے کھلاڑی بہت جلد قومی سلیکشن کمیٹی اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹیموں کی نظروں میں آکر اعلیٰ سطح پر جگہ بناسکتے ہیں۔