فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے لیے پاکستان میں تیار کی جانے والی جدید فٹبال ’ٹریونڈا‘ (Treonda) نے ایک نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے خلاء تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
معروف اسپورٹس برانڈ ایڈیڈاز کی ڈیزائن کردہ اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ فٹبال اب صرف گراؤنڈز تک محدود نہیں رہی بلکہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پہنچ چکی ہے۔
امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے (ناسا) نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں خلاء بازوں کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے اندر اس پاکستانی فٹبال سے کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ناسا کے مطابق، خلاء بازوں نے مائیکرو گریویٹی (کشش ثقل کی انتہائی کمی) کے ماحول میں اس فٹبال کے ساتھ یہ جاننے کے لیے تجربہ کیا کہ یہ خلاء میں کیسا برتاؤ کرتی ہے۔ اس منفرد تجربے کا بنیادی مقصد یہ سمجھنا تھا کہ فٹبال کا اندرونی توازن اور وزن کھیل کے دوران اس کی پرواز اور حرکت پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے۔
امریکی خلائی ادارے نے واضح کیا کہ وہ اس سے قبل 2019ء میں بھی ایسا ہی ایک تجربہ کرچکے ہیں، جس سے یہ معلوم ہوا تھا کہ توازن میں معمولی سا فرق بھی فٹبال کی حرکت کو تبدیل کرسکتا ہے۔