کراچی میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں کالعدم ٹی ٹی پی کا دہشت گرد گرفتار، خودکش جیکٹ، نقشے برآمد

image

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کراچی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک مبینہ خودکش دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی ہے، جو سی ٹی ڈی مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک کروڑ روپے انعام یافتہ مطلوب دہشت گرد زعفران کا قریبی ساتھی رہا ہے۔ ملزم نے ماضی میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سائیٹ ایریا میں غیر ملکیوں پر فائرنگ کی تھی جس میں وہ زخمی ہوئے تھے۔ گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، حساس مقامات کے نقشے اور تصاویر برآمد کی گئی ہیں۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے انکشاف کیا کہ گرفتار ملزم سلمان اور اس کے گروہ کو کراچی میں بڑی خودکش کارروائیوں کا ٹارگٹ دیا گیا تھا، جبکہ اس کے کچھ دیگر خودکش بمبار ساتھیوں نے بھی کراچی پہنچنا تھا۔ ملزم افغانستان سے خودکش حملوں کی باقاعدہ تربیت حاصل کر چکا ہے اور اپنے کمانڈر مولوی مخلص یار کے حکم پر اپنے ایک اور ساتھی ادریس عرف اسد اللہ کے ہمراہ کراچی پہنچا تھا۔ ان کا منصوبہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے بعد بڑے خودکش دھماکے کرنا تھا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم کا ایک ساتھی 2025ء میں کوئٹہ میں ایف سی پر خودکش حملے کے دوران ہلاک ہوا تھا جبکہ دوسرا ساتھی گزشتہ سال ڈی آئی خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر خودکش حملے میں مارا جا چکا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم کے دیگر تنظیمی ساتھیوں، ٹارگٹ کلرز اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور شہر کے مختلف حصوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US