میسی کے والد کے انتقال کی جھوٹی خبر سُنانے پر ارجنٹائن کی ٹی وی پریزینٹر مستعفی

image

فٹبال کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کے والد کے انتقال کی جھوٹی خبر لائیو شو میں سُنانے پر ارجنٹینا کی معروف ٹیلی وژن پریزینٹر فلورینسیا پینا نے میسی کی فیملی سے معافی مانگنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

51 سالہ ٹی وی ہوسٹ فلورینسیا پینا نے ایک لائیو شو کے دوران اچانک یہ خبر بریک کی تھی کہ میسی کے والد کا انتقال ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے یہ افواہ جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس سے پورے ارجنٹینا میں سوگ کی کیفیت پیدا ہو گئی۔ تاہم، چند ہی لمحوں بعد پینا نے لائیو شو میں ہی یہ وضاحت پیش کی کہ اس خبر کی فی الحال حتمی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

یہ جھوٹی خبر جب میسی کی فیملی تک پہنچی تو انہوں نے اس کی سخت تردید کرتے ہوئے اسے سراسر بے بنیاد قرار دیا۔ فیملی کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ میسی کے والد ایک نامعلوم بیماری کی وجہ سے زیر علاج ہیں لیکن ان کی طبیعت اب بہتر ہو رہی ہے اور وہ صحتیاب ہو رہے ہیں۔

اس واقعے کے بعد ٹی وی ہوسٹ فلورینسیا پینا نے سوشل میڈیا پر میسی کی فیملی اور مداحوں سے معافی مانگی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ خبر انہیں ان کی پروڈکشن ٹیم نے فراہم کی تھی جس پر انہوں نے بھروسہ کیا، تاہم وہ اس سنگین غلطی کا حصہ بننے پر بے حد شرمندہ ہیں اور اخلاقی طور پر استعفیٰ دے رہی ہیں۔ دوسری جانب ٹی وی چینل کی انتظامیہ نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US