چین میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اور انوکھی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ایک چینی کمپنی نے دنیا کا پہلا خودکار ڈرائیونگ کرنے والا روبوٹ ٹوائلٹ تیار کرلیا ہے، جو پکارنے پر خود چل کر صارف کے پاس پہنچ جاتا ہے۔
"یوئی بین" نامی کمپنی کی جانب سے شنگھائی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اس منفرد ایجاد کو پیش کیا گیا، جسے "شیاؤبین" کا نام دیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ روبوٹ ٹوائلٹ بنیادی طور پر معمر افراد اور معذوری کے شکار ایسے لوگوں کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے جنہیں رات کے وقت یا کسی بھی وقت اٹھ کر ٹوائلٹ جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس روبوٹ ٹوائلٹ کو چین میں 29 ہزار یوآن کی قیمت پر فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
یہ جدید ٹوائلٹ ریموٹ کنٹرول کے علاوہ وائس کمانڈ (آواز کی ہدایات) پر بھی کام کرتا ہے۔ اس کا سسٹم اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ انٹرنیٹ یا وائی فائی نہ ہونے کی صورت میں بھی آف لائن رہ کر صارف کی آواز کو پہچان سکتا ہے۔
جیسے ہی اسے آواز کے ذریعے بلایا جاتا ہے، یہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سسٹم، لیڈار (LiDAR) اور الٹرا سونک سینسرز کی مدد سے راستے میں آنے والی تمام رکاوٹوں سے بچتا ہوا خودکار طور پر صارف کے پاس پہنچ جاتا ہے۔ اس میں بو کو پھیلنے سے روکنے کا جدید نظام نصب ہے، جبکہ اپنا کام مکمل کرنے کے بعد یہ خودکار طریقے سے اپنے ڈوکنگ اسٹیشن پر واپس جا کر اپنی صفائی بھی خود ہی کرلیتا ہے۔