آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی اور مسلسل ہار کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ گروپ اسٹیج کے تمام تینوں میچز میں شکست کے بعد ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے، تاہم اس ناقص کارکردگی کے باوجود کھلاڑیوں کی جانب سے برمنگھم کے ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ میں انجوائے کرنے کی ویڈیو سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر نیا ہنگامہ کھڑا ہوگیا ہے۔
کھیلوں کے دوران کوچز اور مینٹور کی سرپرستی میں کھلاڑیوں کے فاسٹ فوڈ کھانے پر کرکٹ شائقین کی جانب سے سخت برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سنگین ہوا جب کرکٹر سائرہ جبین کی سالگرہ برمنگھم کے ایک برگر ریسٹورنٹ میں منائی گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تو میڈیا کے لیے صرف کیک کاٹنے کی مختصر ویڈیو ریلیز کی تھی، لیکن متعلقہ ریسٹورنٹ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کھلاڑیوں کے مختلف برگرز اور فاسٹ فوڈ کھانے کی مکمل ویڈیو اپ لوڈ کردی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کی فٹنس پر سمجھوتہ کرنے اور فاسٹ فوڈ پارٹی اڑانے کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ویمن ٹیم اور مینجمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔