دو بڑی قومی گالف چیمپئن شپس اختتام پذیر، کھلاڑیوں کا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ

image

پاکستان گالف فیڈریشن کے زیر اہتمام دو بڑی قومی گالف چیمپئن شپس کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی ہیں، جس میں ملک بھر سے آئے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

آٹھویں پی جی ایف جناح ڈویلپمنٹ ٹور میں محمد ساحل نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 3 اوور پار (219) کے اسکور کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ٹورنامنٹ میں رالف ای اسلم راجہ اور وارث علی کے درمیان سخت مقابلہ ہوا اور دونوں 4 اوور پار (220) کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے۔ پروفیشنلز کے مقابلوں میں شہباز علی 5 اوور پار (221) کے ساتھ چوتھی اور شہباز مسیح 54 ہولز کے مقابلے میں 7 اوور پار (223) کا اسکور کارڈ جمع کرا کے ٹاپ 5 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ اس ٹور کی خاص بات یہ رہی کہ 5 امیچور کھلاڑیوں نے پروفیشنلز کے ساتھ کھیلتے ہوئے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔

دوسری جانب، پی جی ایف ہزارہ جونیئر امیچور گالف چیمپئن شپ 2026ء کی بوائز اور گرلز کیٹیگریز میں بھی انتہائی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔ بوائز کیٹیگری 'اے' میں حمزہ وحید نے ایون پار (216) کے شاندار اسکور کارڈ اور 6 اسٹروکس کی واضح برتری کے ساتھ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ محمد بارق ایوب 6 اوور پار (222) کے ساتھ رنر اپ رہے جبکہ مصطفیٰ آصف نے 12 اوور پار (228) کا اسکور کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بوائز کیٹیگری 'بی' (مڈل ایج گروپ) میں لاریب الرحمن نے 9 انڈر پار (207) کا ناقابلِ یقین اسکور بنا کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے سخت مقابلے کے بعد احمد مراد گھمن (7 انڈر پار/209) کو محض 2 اسٹروکس سے شکست دی، جبکہ مہاد خان 3 اوور پار (219) کے اسکور کے ساتھ سیکنڈ رنر اپ قرار پائے۔ بوائز کیٹیگری 'سی' (جونیئر گروپ) میں جیشوا امجد 2 اوور پار (218) کے اسکور کے ساتھ نئے چیمپئن بن گئے۔ مصطفیٰ زبیر 6 اوور پار (222) کا اسکور کر کے رنر اپ رہے، جبکہ محمد رضا اللہ وحید نے بھی 6 اوور پار (222) کا اسکور کیا لیکن ٹائی کے بعد فائنل لیڈر بورڈ پر وہ تیسری پوزیشن پر رہے۔

گرلز کیٹیگری میں سارہ امین خان نے 4 اوور پار (220) کے بہترین اسکور کے ساتھ نیشنل ٹرافی اپنے نام کر کے میدان مار لیا۔ جسیہ تصور حسین 25 اوور پار (241) کے اسکور کارڈ کے ساتھ رنر اپ رہیں، جبکہ آمنہ ملک نے 270 کے اسکور کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ملک کامران کے مطابق پاکستان گالف فیڈریشن نے پی ایس بی کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا اور جونیئر گالفرز کے لیے ایج ویریفکیشن کا جدید ترین نظام نافذ العمل رہا۔ اختتامی تقریب میں کمانڈنٹ پیفرز سینٹر بریگیڈیئر عدنان اورکزئی نے چیمپئنز کو مبارکباد پیش کی اور پی جی ایف کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے کامیاب چیمپئن شپس کے انعقاد پر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ملک کامران کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US