صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ورلڈ ڈس ایبل سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر پاکستانی کھلاڑی شہزاد بٹ کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
صوبائی وزیر کھیل نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ شہزاد بٹ کی یہ کامیابی پاکستانی نوجوانوں کے لیے عزم، محنت اور ہمت کی ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے دوران 81 کی بریک کھیل کر ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کرنے پر بھی شہزاد بٹ کی کارکردگی کو سراہا اور اسے قابل تحسین قرار دیا۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی کیونکہ شہزاد بٹ جیسے کھلاڑی پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ شہزاد بٹ مستقبل میں بھی عالمی مقابلوں میں پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کرتے رہیں۔