ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستانی دستے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا اہم اجلاس جولائی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اہم بیٹھک میں ایشین گیمز کے دستے اور کھلاڑیوں کی تعداد کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کفایت شعاری کی پالیسی اور محدود مالی وسائل کے باعث ایشین گیمز کے لیے پاکستانی دستے کی تعداد میں نمایاں کمی کرتے ہوئے اس کی ازسرنو منظوری دی ہے۔
اس سے قبل رواں سال جنوری میں ایشین گیمز کے لیے 123 رکنی دستے کی منظوری دی گئی تھی، جس میں 93 کھلاڑی شامل تھے اور ان کھیلوں میں ایتھلیٹکس، باکسنگ، ہاکی، کبڈی، شوٹنگ، اسکواش، ٹینس، والی بال، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ کو شامل کیا گیا تھا۔
تاہم پی ایس بی کی جانب سے 17 جون کو جاری کردہ نئی فہرست میں دستے کی مجموعی تعداد کم کر کے 80 کردی گئی ہے، جس میں اب کھلاڑیوں کی تعداد صرف 65 رہ گئی ہے۔ نئی کٹوتی کے تحت ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ کو فہرست سے مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے۔ پی ایس بی نے یہ فہرست پی او اے کو ارسال کرتے ہوئے اجلاس منعقد کرنے کا کہا ہے تاکہ معاملات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جاسکے۔
دوسری جانب پی ایس بی کا کہنا ہے کہ جن ایتھلیٹس کے اخراجات متعلقہ فیڈریشن خود برداشت کرے گی، انہیں این او سی جاری کیا جاسکتا ہے، تاہم یہ این او سی کھلاڑیوں کی تسلی بخش کارکردگی سے مشروط ہوگا۔
دستے اور کھلاڑیوں کی تعداد میں اچانک کمی کی وجہ سے پی او اے اور مختلف اسپورٹس فیڈریشنز کے عہدیداران شدید تشویش اور پریشانی کا شکار ہیں۔ پی او اے ذرائع کا کہنا ہے کہ دستے کی حتمی تعداد کے حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے جس کے لیے جلد میٹنگ کی جائے گی۔