امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز مقابلوں کے دوران جہاں پوری دنیا میں فٹبال کا بخار عروج پر ہے، وہیں بنگلادیش سے فٹبال کے جنون کی ایک انوکھی اور حیران کن ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
ویڈیو میں ایک فٹبال مداح اپنی پالتو بھیڑ کو ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے نیلے اور سفید رنگوں میں رنگ کر سڑک پر گھماتا ہوا نظر آتا ہے۔ مداح نے بھیڑ کی اون کو اس انداز میں رنگا ہے کہ دور سے دیکھنے پر یہ کسی کھلاڑی کی جرسی جیسا منظر پیش کرتی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شخص سڑک کے کنارے پرسکون انداز میں چل رہا ہے جبکہ بھیڑ رسی سے اس کے ساتھ بندھی ہوئی ہے۔ کیپشن میں "واموس ارجنٹائن!" لکھا گیا ہے جو ارجنٹائن کی حمایت کا اظہار ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ کچھ افراد نے اسے فٹبال کے جنون کی حد قرار دیا جبکہ بعض نے طنزیہ انداز میں کہا کہ میسی کا جادو اب انسانوں سے جانوروں تک پہنچ گیا ہے۔