لامین یامال کا گول اور پھر سجدۂ شکر، ورلڈ کپ میں دل جیت لینے والا لمحہ وائرل

image

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال نے نہ صرف اپنی شاندار کارکردگی سے توجہ حاصل کی بلکہ گول کے بعد ان کا ردعمل بھی شائقین کے لیے یادگار بن گیا۔

سعودی عرب کے خلاف گروپ مرحلے کے میچ میں 18 سالہ لامین یامال نے کھیل کے ابتدائی لمحات میں ہی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دسویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھائی اور اسپین کو برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

گول اسکور کرنے کے فوراً بعد نوجوان فٹبالر میدان میں جھک گئے اور سجدۂ شکر ادا کیا۔ اس منظر نے اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی، جبکہ میچ دیکھنے والے لاکھوں افراد نے بھی اس لمحے کو خوب سراہا۔

میچ کے بعد سوشل میڈیا پر لامین یامال کی یہ ویڈیو تیزی سے گردش کرنے لگی۔ کئی صارفین نے اسے ورلڈ کپ کے خوبصورت اور یادگار لمحات میں سے ایک قرار دیا، جبکہ فٹبال شائقین نے نوجوان کھلاڑی کے جذبے اور عاجزی کی تعریف کی۔

مقابلے میں اسپین نے ابتدا ہی سے کھیل پر گرفت مضبوط رکھی اور سعودی عرب کو 0-4 سے شکست دے دی۔ ہسپانوی ٹیم نے پہلے ہاف میں تین گول کیے جبکہ دوسرے ہاف میں ایک اور گول کا اضافہ کیا۔

اسپین کی جانب سے میکیل نے دو گول اسکور کیے، جبکہ لامین یامال اور حسن نے ایک، ایک مرتبہ گیند کو جال میں پہنچایا۔ دوسری جانب سعودی عرب اپنی اگلی آزمائش میں 27 جون کو کیپ ورڈی کے خلاف میدان میں اترے گا۔

اگرچہ اسپین کی بڑی جیت نے سرخیاں سمیٹیں، لیکن لامین یامال کا گول کے بعد سجدۂ شکر ادا کرنا وہ لمحہ ثابت ہوا جس نے میچ کے اختتام کے بعد بھی شائقین کی توجہ اپنے نام کیے رکھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US