لاہور میں قائم نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ریڈ بال ٹریننگ کیمپ جاری ہے، جہاں کھلاڑیوں کی فٹنس اور صلاحیتوں کو نکھارنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے صبح کے سیشن میں فیلڈنگ ڈرلز کا حصہ بن کر اپنی فیلڈنگ کو بہتر بنایا، جبکہ دوپہر کے سیشن میں بیٹنگ اور بولنگ سکلز پر کام کیا۔ اس دوران این سی اے اور قومی ٹیم کے کوچز کھلاڑیوں کی مختلف شعبوں میں بھرپور رہنمائی کر رہے ہیں۔
قومی ٹیسٹ آل راؤنڈر عامر جمال نے اس کیمپ کو مستقبل کی سیریز سے قبل ایک بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسم اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے لیے یہ کیمپ انتہائی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ٹریننگ سیشنز سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوگا کیونکہ کوچز اپنا وسیع تجربہ ان کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔
عامر جمال نے بتایا کہ سابق فاسٹ بولر عمر گل ریڈ بال کرکٹ کے مختلف سکل سیٹ کے استعمال پر رہنمائی دے رہے ہیں اور ان سے کنونشنل سوئنگ اور ریورس سوئنگ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔
عامر جمال نے مزید کہا کہ ایک آل راؤنڈر کے طور پر بیٹنگ اور بولنگ دونوں کو یکساں وقت دینا ہمیشہ چیلنجنگ ہوتا ہے، لیکن کوچنگ سٹاف ہر ممکن انداز میں کھلاڑیوں کی مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ فارمیٹ کھلاڑی کو ہر شعبے میں آزماتا ہے، کیونکہ ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ ساتھ فٹنس کا بھی کڑا امتحان ہوتا ہے۔