سندھ میں گیس کے بڑے ذخائر دریافت، ڈھرکی سے پیداوار شروع

image

سندھ میں قدرتی گیس کی پیداوار کے حوالے سے ایک ہی دن میں دوسری بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ خیرپور کے بعد ڈھرکی میں بھی گیس کے ایک نئے کنویں سے بھاری مقدار میں گیس کی پیداوار کا آغاز ہوگیا ہے۔

توانائی کمپنی ماری انرجیز کے مطابق دو ماہ قبل دریافت کیے گئے شمس ون کنویں سے یومیہ 3 کروڑ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل کی جا رہی ہے۔ کمپنی نے اس اہم کامیابی سے حکومت اور شیئر ہولڈرز کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

ماری انرجیز کا کہنا ہے کہ شمس ون کنواں سو فیصد کمپنی کی ملکیت ہے اور اس سے حاصل ہونے والی گیس کو سوئی ناردرن گیس کمپنی کے نیٹ ورک سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو فوری فائدہ پہنچایا جا سکے۔

ماہرین نے نئی دریافت اور گیس کی بھاری پیداوار کو توانائی کے شعبے میں بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں گیس کی طلب اور رسد کے درمیان موجود فرق کم کرنے میں مدد ملے گی۔

قبل ازیں او جی ڈی سی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کیے گئے ایک خط میں سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع سہتو ون کنوئیں سے قدرتی گیس کی باقاعدہ پیداوار شروع ہونے کا اعلان کیا تھا۔

کمپنی کے مطابق اس کنوئیں سے روزانہ تقریباً 60 لاکھ مکعب فٹ قدرتی گیس حاصل کی جا رہی ہے، جو ملک کے توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

او جی ڈی سی ایل نے اپنے خط میں بتایا کہ گیس کو 6 انچ قطر اور 5 کلومیٹر طویل پائپ لائن کے ذریعے سنجھورو پلانٹ سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ یہاں گیس کو پراسیس کرنے کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورک میں شامل کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ دریافت کھیواری ایکسپلوریشن لائسنس کے تحت کی گئی ہے، جس میں او جی ڈی سی ایل کا 75 فیصد جبکہ جی ایچ پی ایل کا 25 فیصد حصہ ہے۔

او جی ڈی سی ایل نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے گیس ذخائر سے ملکی توانائی ضروریات کو پورا کرنے اور مقامی گیس کی فراہمی میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US