فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کے مختلف میچز میں ناروے، فرانس اور ارجنٹینا نے اپنے اپنے میچز جیت کر ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
نیو جرسی میں کھیلے گئے ایک دلچسپ مقابلے میں ناروے نے سینیگال کو 2-3 سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی ہے۔ ناروے کی جانب سے اسٹار فٹبالر ایرلنگ ہالینڈ نے 2 اور پیڈریسن نے ایک گول اسکور کیا، جبکہ سینیگال کی طرف سے دونوں گول سار نے کیے۔
دوسری جانب، گروپ 'آئی' کے میچ میں فرانس نے عراق کو 0-3 سے ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ فلاڈلفیا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کے 14ویں منٹ میں کائلان ایمباپے نے پہلا گول کر کے فرانس کو برتری دلائی۔ پہلے ہاف کے بعد تیز بارش اور خراب موسم کی وجہ سے میچ کا دوسرا ہاف 2 گھنٹے 15 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ کھیل دوبارہ شروع ہونے پر ایمباپے نے 54ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور ورلڈکپ کا مجموعی طور پر 16واں گول اسکور کر کے جرمنی کے میرو سلاو کلوزے کا ریکارڈ برابر کردیا۔ فرانس کی جانب سے تیسرا گول عثمان ڈیمبیلے نے 66ویں منٹ میں کیا۔
ادھر ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ 'جے' کے میچ میں ارجنٹینا نے لیونل میسی کے 2 شاندار گولز کی بدولت آسٹریا کو 0-2 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 32 کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ میچ کے 39ویں منٹ میں لیونل میسی نے پہلا گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں آسٹریا نے گول برابر کرنے کی کوششیں کیں تاہم ارجنٹینا کے دفاع اور گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز نے ان کے حملوں کو ناکام بنا دیا۔ میچ کے آخری لمحات (اسٹاپیج ٹائم) میں میسی نے اپنا دوسرا گول داغ کر ارجنٹینا کی فتح اور اگلے مرحلے میں رسائی یقینی بنا دی۔