اسٹیٹ بینک: مالی سال 27ء کے لیے زری پالیسی کمیٹی کے اجلاسوں کا پیشگی کیلنڈر جاری

image

زری پالیسی کی تشکیل میں وسیع تر شفافیت لانے اور اسے قابل پیش گوئی بنانے اور اپنے زری پالیسی سے متعلق ابلاغ کو بہتر بنانے کے سلسلے میں جاری کوششوں کے طور پر اسٹیٹ بینک نے مالی سال 27ء کے لیے زری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاسوں کا پیشگی کیلنڈر جاری کردیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے زری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک سال میں پریس کانفرنسوں کی تعداد کو دو سے بڑھا کر چار کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر کی جانب سے پریس کانفرنسیں جولائی، اکتوبر، جنوری اور اپریل میں زری پالیسی کمیٹی کے اجلاسوں کے بعد کی جائیں گی۔

اسٹیٹ بینک نے ایم پی سی اجلاس کے بعد اینالسٹ بریفنگ کے لیے اسٹاف کی تیار کردہ پریزینٹیشن کو بھی شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پریزینٹیشن اسٹیٹ بینک کی آفیشیل ویب سائٹ پر ایم پی سی اجلاس کے ایک دن بعد جاری کی جائے گی۔ اس فیصلے کا مقصد زری پالیسی کمیٹی کے ردعمل کے فعل میں وسیع تر شفافیت لانا اور اسٹیٹ بینک میں جامع اور ڈیٹا پر مبنی زری پالیسی تشکیل دینے کے عمل پر اسٹیک ہولڈرز کے اعتماد کو بڑھانا ہے۔

آخر میں، اسٹیٹ بینک نے زری پالیسی کمیٹی کے اجلاسوں کی روداد کی اشاعت کے پروسیس کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس کی روداد کو اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر متعلقہ زری پالیسی کمیٹی اجلاس کے بعد چوتھے ہفتے کے اختتام پر شائع کیا جائے۔

آج جن اقدامات کا اعلان کیا ہے، وہ زیادہ تفصیلی طور پر زری پالیسی کمیٹی کے اجلاسوں کے پیشگی کیلنڈر میں دیے گئے ہیں، جو اس لنک پر دستیاب ہے: https://www.sbp.org.pk/m_policy/mp-calendar.asp

اسٹیٹ بینک کے زری پالیسی سے متعلق ابلاغ میں مسلسل بہتری ایس بی پی اسٹریٹجک پلان: وژن 2028ء کی رہنمائی میں لائی جا رہی ہے، جس کا مقصد مہنگائی کی توقعات کو قابو میں رکھنے کے لیے زری پالیسی کی اثرانگیزی کو بڑھانا اور مہنگائی کو ہدف بنانے (targeting) کے نظام کو باضابطہ اختیار کرنے میں سہولت دینا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US