قومی ہاکی ٹیم انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) پرو ہاکی لیگ میں اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم اور تاریخی میچ کھیلنے کے لیے گراؤنڈ پہنچ گئی ہے۔
لندن کے لی ویلی ہاکی اینڈ ٹینس سینٹر میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میدان میں اتر چکے ہیں جہاں وہ وارم اپ سیشن اور میچ سے قبل کی آخری مشقوں میں مصروف ہیں۔ شیڈول کے مطابق دونوں روایتی حریفوں کے مابین یہ سنسنی خیز مقابلہ اب سے تقریباً ایک گھنٹے بعد شروع ہوگا۔
پرو ہاکی لیگ کی تاریخ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے مابین میچ کے لیے آمنے سامنے آ رہی ہیں، جس کی وجہ سے دنیا بھر کے شائقینِ ہاکی کی نظریں اس ٹاکرے پر لگی ہوئی ہیں۔
پاکستان اس ٹورنامنٹ میں پہلی بار شرکت کر رہا ہے اور قومی اسکواڈ روایتی حریف کے خلاف فتح حاصل کرنے اور ایونٹ میں کامیابی کا کھاتہ کھولنے کے لیے پرعزم ہے۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم بھی میچ کے لیے میدان میں پہنچ چکی ہے اور دونوں ممالک کے کھلاڑی اس ہائی وولٹیج میچ کے لیے مکمل طور پر تیار دکھائی دے رہے ہیں۔