کراچی کے علاقے قائد آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 3 سالہ بچی کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بچی کی لاش قائد آباد سے ملی جسے قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق بچی دوپہر 12 بجے کے قریب لاپتا ہوئی تھی تاہم اہل خانہ نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع نہیں دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رات کے وقت بچی کی لاش گھر کے گیٹ کے قریب سے برآمد ہوئی۔ بعد ازاں بچی کے والد نے بتایا کہ انھوں نے کلشوم کے لاپتہ ہونے پر پولیس سے رابطہ اس لئے نہیں کیا تھا کہ وہ نہیں جانتے تھے معاملہ اس قدر سنگین ہوگا، جب رات کو نماز پڑھ کر آئے تو گھر کے دروازے پر رش تھا لوگوں نے بتایا کہ آپ کی بچی کی بوری میں بند لاش ملی ہے، اسے اسپتال لے گئے لیکن وہ انتقال کرچکی تھی۔ خدا ایسا دن کسی کو نہ دکھائے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور قتل میں ملوث افراد کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کے ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔