پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے خاندان پر غم کا سایہ چھا گیا ہے ان کے بڑے بھائی شاہد اختر انتقال کر گئے ہیں۔
شعیب اختر نے اپنے بھائی کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام کے ذریعے شیئر کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے عزیز بھائی شاہد اختر اس دنیا سے رخصت ہو کر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے ہیں۔
سابق کرکٹر نے مزید بتایا کہ شاہد اختر کی نمازِ جنازہ آج اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-8 میں عصر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی، جبکہ دوستوں، عزیزوں اور جاننے والوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
شعیب اختر کی جانب سے یہ خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ مداحوں، ساتھی کھلاڑیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ان کے ساتھ ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔