ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جس میں بھارت نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔
میچ کے آغاز میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور آٹھویں منٹ میں ندیم احمد نے پینلٹی کارنر پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم بھارت نے 22ویں منٹ میں ابھیشیک اور 24ویں منٹ میں نیلکانٹا کے گولز کی بدولت مقابلے میں واپسی کی۔
دوسرے ہاف میں بھارت کے سکھجیت اور راجندر نے مزید دو گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری مضبوط بنائی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان ابوبکر محمود اور معین شکیل نے پینلٹی کارنرز پر گول کرکے میچ کو دلچسپ بنا دیا، تاہم قومی ٹیم ایک گول کے فرق سے شکست سے نہ بچ سکی۔
میچ میں پاکستانی گول کیپر علی رضا نے کئی یقینی گول بچا کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کپتان اور دو اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے باوجود نوجوان کھلاڑیوں نے غیرمعمولی ہمت، عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں عالمی معیار کی نیدرلینڈز ٹیم کو شکست دینے والی بھارتی ٹیم کے خلاف پاکستان کا جاندار مقابلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ قومی ہاکی کا مستقبل روشن اور امید افزا ہے۔