پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سے قبل جاری ریڈ بال کیمپ سے تشویشناک خبریں سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں جہاں متعدد اہم کھلاڑی انجری مسائل کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت مشکوک ہو گئی ہے۔ فٹنس مسائل کے باعث ان کے دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے منتخب نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ ان کی انجری سے ریکوری پر کام جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعود شکیل کے ممکنہ متبادل کے طور پر ایک مڈل آرڈر بیٹر کو ریڈ بال کیمپ میں طلب کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی انجری کا شکار ہیں جبکہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔
ذرائع کے مطابق کپتان سلمان علی آغا اور شان مسعود بھی انجری کا شکار رہے، تاہم اب دونوں کی حالت بہتر ہے اور وہ بتدریج ریکوری کی جانب گامزن ہیں۔
انجری مسائل کے باعث سلیکٹرز کو ٹیسٹ اسکواڈ میں معمول سے زیادہ تبدیلیاں کرنا پڑ سکتی ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ محمد رضوان کے متبادل کے طور پر وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر کو ریڈ بال کیمپ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کا ریڈ بال کیمپ اس وقت لاہور میں جاری ہے، جہاں کھلاڑی آج ایل سی سی اے گراؤنڈ میں سینیریو میچ کھیلیں گے تاکہ دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔