ملتان میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا سکلز اور ڈویلپمنٹ کیمپ جاری ہے، جس میں 31 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور کا کہنا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ کا دفاعی چیمپئن ہے اور ٹائٹل کا دفاع کرنا ٹیم کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی جسمانی، ذہنی، ٹیکنیکل اور ٹیکٹیکل تیاری کے ساتھ ساتھ ان کے لائف سٹائل اور مجموعی ڈویلپمنٹ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ہیڈ کوچ کے مطابق، ٹیم کا روڈ میپ بالکل واضح ہے جس میں پہلے انگلینڈ کا دورہ اور پھر ایشیا کپ ہدف ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں کھیلنے سے نوجوان کھلاڑیوں کے تجربے میں اضافہ ہوگا اور یہ دورہ ان کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ شاہد انور نے واضح کیا کہ ٹیم کا اصل ہدف آئندہ انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنا ہے، جس میں ابھی 18 ماہ باقی ہیں اور اسی کو سامنے رکھتے ہوئے یہ کیمپ لگایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کیمپ میں موجود سپورٹ سٹاف کھلاڑیوں کے سکلز اور فٹنس کو بہتر بنانے پر کام کر رہا ہے، جبکہ چار انڈر 19 کھلاڑی اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA) کے کیمپ میں بھی مصروف ہیں۔ شاہد انور کا کہنا تھا کہ ان کا بنیادی مقصد پاکستان سینئر ٹیم کے لیے بہترین کھلاڑی تیار کرنا ہے اور وہ پہلے ہی علی رضا، سمیر منہاس، فرحان یوسف اور عبدل سبحان جیسے کھلاڑی پاکستان کرکٹ کو دے چکے ہیں۔