عالمی منڈی میں خام تیل سستا، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہونے کا امکان

image

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی توقعات پیدا ہوگئی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید 4 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 70 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل برینٹ 73 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ اسی طرح مربان خام تیل کی قیمت بھی کم ہو کر 67 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

عالمی قیمتوں میں حالیہ گراوٹ کے بعد ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی آئندہ قیمتوں کے حوالے سے قیاس آرائیاں بڑھ گئی ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت اس سے قبل بھی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے 30 پیسے فی لیٹر کمی کر چکی ہے، جس سے صارفین کو نمایاں ریلیف ملا تھا۔

گزشتہ جمعے کے بعد خام تیل کی عالمی قیمتوں میں مزید کمی کے باعث عوام کی نظریں اب حکومت کے آئندہ قیمتوں کے اعلان پر مرکوز ہیں۔ تاہم ماہرینِ معاشیات کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین صرف خام تیل کی عالمی قیمتوں کی بنیاد پر نہیں کیا جاتا۔

ماہرین کے مطابق پیٹرولیم لیوی، مختلف ٹیکسز، درآمدی اخراجات، شرح مبادلہ اور دیگر مالی عوامل بھی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے اگرچہ قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے، تاہم کسی بڑی کمی کے بجائے محدود یا معمولی کمی کا امکان زیادہ دکھائی دیتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US