حکومت کا درآمدی ڈیوٹیز میں بڑی کمی کا فیصلہ، پانچ سالہ نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 تیار

image

حکومت نے ٹیرف اصلاحات کے دوسرے مرحلے کے تحت درآمدی ڈیوٹیز میں نمایاں کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے پانچ سالہ نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 تیار کر لی ہے، جس کا مقصد ملک میں معاشی سرگرمیوں کا فروغ اور تجارتی نظام میں مسابقت کو بڑھانا ہے۔

حکام کے مطابق نئی پالیسی کے تحت کسٹمز، ریگولیٹری اور اضافی ڈیوٹیز میں مرحلہ وار نمایاں کمی کی جائے گی، جبکہ اوسط ٹیرف کو موجودہ 20.19 فیصد سے کم کرکے 9.70 فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

پارلیمانی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے حکومتی ریونیو میں 143 ارب روپے تک کمی کا خدشہ ہے، تاہم درآمدی لاگت کم ہونے اور مارکیٹ میں مقابلے کے رجحان میں اضافے سے معیشت کو مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔

پالیسی کے مطابق آئندہ پانچ برسوں کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ شرح 15 فیصد تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ اضافی کسٹمز ڈیوٹی کو موجودہ 6 فیصد سے بتدریج کم کرتے ہوئے مکمل طور پر ختم کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

اسی طرح ریگولیٹری ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ شرح 20 فیصد مقرر کرنے اور اسے بھی مرحلہ وار ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ وزارت تجارت کے مطابق پانچ سال میں درآمدی ڈیوٹی کی اوسط شرح 16.56 فیصد تک لانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مقامی اور درآمدی گاڑیوں پر یکساں ٹیرف نافذ کرنے کی سفارش کی ہے، جبکہ نئی پالیسی کے تحت مقامی صنعت اور درآمدی مارکیٹ کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US