پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارتی اور زمینی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ ٹرانسپورٹ کمیٹی کو فعال کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے اسلام آباد میں ایرانی وزیر ٹرانسپورٹ فرزانہ صادق اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی روابط کے فروغ سے تجارتی سرگرمیوں اور اقتصادی مواقع میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
ایرانی وزیر ٹرانسپورٹ فرزانہ صادق نے خطے میں امن کے قیام اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان ٹرکوں اور کنٹینرز کی کلیئرنس سے متعلق مسائل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ پاک ایران سرحد پر درپیش دیگر معاملات کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔