دورہ ویسٹ انڈیز و انگلینڈ: قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے لیے مشاورت شروع، بڑے نام ڈراپ ہونے کا امکان

image

دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں کھلاڑیوں کی شمولیت اور اخراج پر مشاورت شروع ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی اور ابرار احمد کی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ نہ ہونے کا امکان ہے۔

سلیکشن کمیٹی میں ابرار احمد کے نام پر تفصیلی بحث ہوئی ہے، جہاں ہیڈ کوچ سرفراز احمد ان کی شمولیت کے حق میں ہیں جبکہ بقیہ سلیکشن کمیٹی ابرار احمد کی جگہ علی عثمان کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی خواہش مند ہے۔

دوسری جانب ابرار احمد خود بھی شدید شش و پنج اور پریشانی میں مبتلا ہیں کیونکہ اگر ان کا نام ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا تو وہ 'دی ہنڈرڈ' لیگ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ انہیں اس لیگ میں سن رائزرز لیڈز نے ایک لاکھ 90 ہزار پاؤنڈز میں خریدا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابرار احمد کا ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کی طرف رجحان کم ہے اور انہوں نے اس حوالے سے اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔

دوسری طرف، نعمان علی بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں ممکنہ عدم شمولیت کی وجہ سے پریشان ہیں۔ سلیکٹرز کی جانب سے انہیں اپنی بیٹنگ پوزیشن بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جس پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے اس سلسلے میں سابق کپتان مصباح الحق سے بھی مشاورت اور بات چیت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیسٹ اسکواڈ ویسٹ انڈیز کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وہاں سے سیدھا 7 اگست کو انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US