بلوچستان کے ضلع قلات سے تقریباً ایک ماہ قبل اغوا ہونے والے ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد وسیم کی تشدد زدہ لاش برآمد کرلی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق 58 سالہ محمد وسیم کا تعلق کراچی سے تھا۔ انہیں 20 مئی کو ایک ساتھی کے ہمراہ اس وقت نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا تھا جب وہ کوئٹہ سے کراچی جارہے تھے۔ اغوا کا واقعہ قلات سے تقریباً 40 کلومیٹر دور محمد تاوا کے علاقے میں پیش آیا تھا۔
واقعے کے بعد محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جبکہ مغوی افسر اور ان کے ساتھی کی بازیابی کے لیے پولیس، سی ٹی ڈی، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن بھی شروع کیا تھا، تاہم مغویوں کو بازیاب کرانے میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔
سیکیورٹی اداروں نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ذمہ دار عناصر کی تلاش جاری ہے۔