وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور ہوٹا ٹیم نے ایف سیون کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے چینی باشندوں سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد پر انسانی اعضا سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں تازہ، خشک اور پراسیس شدہ انسانی پلاسنٹا برآمد کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق پلاسنٹا پشاور، راولپنڈی اور لاہور کے مختلف اسپتالوں سے جمع کیا جاتا تھا، جبکہ پراسیس شدہ پلاسنٹا کو بھیڑ کے اعضاء ظاہر کرکے ویتنام سمیت دیگر ممالک بھجوایا جاتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پراسیس شدہ پلاسنٹا ادویات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا تھا۔ برآمد ہونے والے تمام نمونے طبی معائنے اور مزید تحقیقات کے لیے پمز اسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے حکام نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس مبینہ نیٹ ورک کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔