فرانس کے کپتان کائلان ایمباپے نے لیونل میسی کو دنیا کا بہترین فٹبالر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا معیارِ کھیل گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے غیر معمولی رہا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران جب کائلان ایمباپے سے لیونل میسی، ایرلنگ ہالینڈ اور ہیری کین کے ساتھ اپنے موازنے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بلاجھجھک لیونل میسی کو بہترین قرار دیا۔
ایمباپے نے کہا کہ واضح طور پر لیونل میسی ہی بہترین ہیں، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو بھی تاریخ کے عظیم ترین فٹبالرز میں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میسی نے گزشتہ 15 برسوں میں اپنی غیرمعمولی صلاحیتوں کا ثبوت دیا ہے، باقی تمام تقابلی بحثیں صرف صحافیوں اور مداحوں کی آرا ہیں۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں لیونل میسی نے الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک کرکے ایونٹ کا شاندار آغاز کیا، جبکہ ہیری کین اور ایرلنگ ہالینڈ نے اپنے اپنے پہلے میچ میں دو، دو گول کیے۔ دوسری جانب کائلان ایمباپے نے اپنے افتتاحی میچ میں ایک گول اسکور کیا۔