پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے قومی ویمن ٹیم کی کارکردگی پر ہونے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کرکٹرز کو صرف ان کی جنس کی بنیاد پر غیر ضروری تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ثناء میر نے کہا کہ مردوں کی کرکٹ ٹیم بھی ورلڈ کپ ہارتی رہی ہے اور ان کی کارکردگی میں بھی اتار چڑھاؤ آتا رہا ہے، لیکن کبھی کسی خاتون کرکٹر نے مرد کھلاڑیوں کے بارے میں ایسے توہین آمیز جملے نہیں کہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کرکٹرز کے خلاف مصنوعی ذہانت (AI) سے جعلی ویڈیوز بنا کر غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، جو افسوسناک ہے۔ ثناء میر کا کہنا تھا کہ جب تک معاشرے کا یہ رویہ تبدیل نہیں ہوگا، خواتین کھیلوں میں آگے نہیں بڑھ سکیں گی۔