فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال کے اختتام پر ریونیو اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے 27 سے 30 جون تک ٹیکس دفاتر کے اوقات کار میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی وصولی کے لیے تمام متعلقہ دفاتر مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ بڑے ٹیکس دہندگان کے دفاتر (ایل ٹی اوز)، میڈیم ٹیکس آفسز (ایم ٹی او)، کارپوریٹ ٹیکس آفسز (سی ٹی اوز) اور ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی اوز) میں معمول کے مطابق کام جاری ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایف بی آر کے دفاتر 29 جون بروز اتوار بھی کھلے رہیں گے اور اس روز دفاتر رات 8 بجے تک کام کریں گے جبکہ 30 جون کو ٹیکس اور ڈیوٹیوں کی وصولی کے لیے دفاتر رات 12 بجے تک کھلے رکھے جائیں گے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ان لینڈ ریونیو آپریشنز ونگ نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور چیف کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹیکس وصولی کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دی جائے۔
ادارے نے ٹیکس دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے واجبات بروقت جمع کرا کر قومی ریونیو اہداف کے حصول میں تعاون کریں۔