فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ اسٹیج کے آخری روز سنسنی خیز مقابلوں کے بعد ناک آؤٹ مرحلے کی صورتحال واضح ہو گئی ہے، جہاں کانگو، کروشیا اور انگلینڈ نے اپنے میچز جیت لیے ہیں جبکہ پرتگال اور کولمبیا کا میچ برابر رہا ہے۔
گروپ K کے اہم مقابلے میں کانگو نے ازبکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر راؤنڈ آف تھرٹی ٹو میں جگہ بنا لی ہے، جہاں اس کا سامنا انگلینڈ سے ہوگا۔ اس میچ کے پہلے ہاف میں ازبکستان نے شومورودوف کے گول کی بدولت برتری حاصل کی تھی، تاہم دوسرے ہاف میں کانگو نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تین گول داغے، جن میں ویسا نے دو اور میلیے نے ایک گول اسکور کیا۔
اسی گروپ کے دوسرے میچ میں پرتگال اور کولمبیا کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا، اسٹار کھلاڑی رونالڈو کوشش کے باوجود اپنی ٹیم کے لیے کوئی گول نہ کر سکے۔ پرتگال پانچ پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں دوسرے نمبر پر رہا اور اب ناک آؤٹ راؤنڈ میں اس کا مقابلہ کروشیا سے ہوگا، جبکہ کولمبیا کی ٹیم گھانا کے مدمقابل آئے گی۔
دوسری جانب، فلاڈلفیا میں کھیلے گئے گروپ L کے میچ میں کروشیا نے گھانا کو دو ایک سے ہرا کر چھ پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ میچ میں پہلے کروشیا نے شوشک کے گول کی مدد سے برتری حاصل کی جسے دوسرے ہاف میں گھانا کے لوکاسین نے برابر کر دیا، تاہم کھیل کے آخری منٹوں میں نکولا نے گول کر کے کروشیا کو فتح دلا دی۔
گروپ L کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاناما کو دو صفر سے ہرا کر سات پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ نیویارک میں کھیلے گئے اس میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا، جس کے بعد دوسرے ہاف کے 62 ویں منٹ میں بیلہنگم اور اس کے پانچ منٹ بعد کپتان ہیری کین نے گول کر کے انگلینڈ کی جیت یقینی بنائی۔