کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا، جس سے سابقہ ریکارڈ بھی عبور کرلیا گیا۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس کامیابی کو ملک کے بحری شعبے کی ترقی کا واضح ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو خطے کا مضبوط بحری اور تجارتی مرکز بنانے کے لیے اصلاحات کے عمل کو تیز کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی اور توسیع کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ سرمایہ کاری، لاجسٹکس اور بندرگاہی نظام کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیر بحری امور نے چیئرمین کے پی ٹی، افسران اور ملازمین کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کی ٹیم نے اس اہم کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ایڈمرل شاہد احمد نے کہا کہ کراچی پورٹ کی استعداد، آپریشنل کارکردگی اور انتظامی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ بندرگاہ کی مسابقتی صلاحیت کو مزید بڑھانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔