کراچی میں نشئی نے 20 روپے نہ دینے پر لڑکے کے گلے پر بلیڈ پھیر دیا

image

کراچی کے علاقے ڈاکس کی ہجرت کالونی میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نشے کے عادی شخص نے محض 20 روپے نہ دینے پر ایک بچے کے گلے پر بلیڈ مار کر اسے شدید زخمی کردیا۔

حنیف ولد انور نامی متاثرہ بچے نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ سمندر کی طرف موجود جنگل کے قریب ایک نشئی نے اس سے بیس روپے مانگے، اور پیسے نہ دینے پر اس نے بلیڈ سے گلا کاٹ دیا۔ واقعے کے بعد سول لائن پولیس کی جانب سے بچے کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سمندر کی طرف نشے کے عادی افراد کے باقاعدہ ڈیرے موجود ہیں، جو نہ صرف عام شہریوں سے لوٹ مار کرتے ہیں بلکہ انہیں تشدد کا نشانہ بھی بناتے ہیں، جس کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

پولیس کے مطابق مذکورہ واقعہ تھانہ سول لائن کے علاقے ہجرت کالونی گلی نمبر 42 کے قریب پیش آیا، جبکہ نشئی بنام آصف عرف چیتے ولد گلزار مددگار 15 کی جانب سے علاقہ مکینوں کی اطلاع پر گرفتار ہوچکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US