راولپنڈی: ڈیڑھ سالہ بچی کی گردن پر چھری چلانے والا ملزم 24 گھنٹوں میں گرفتار

image

راولپنڈی کے تھانہ دھمیال پولیس نے ڈیڑھ سالہ معصوم بچی کی گردن پر چھری چلا کر اسے قتل کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے، جبکہ واقعے کا مقدمہ گزشتہ روز پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بچی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج معالجے کے بعد اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ایس پی صدر کی سربراہی میں ایس ایچ او دھمیال اور پولیس ٹیموں نے مسلسل اور انتھک کوششوں کے بعد ملزم کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم متاثرہ بچی کی والدہ کا رشتہ دار ہے اور اس نے ذاتی چپقلش کی بنا پر معصوم بچی کو قتل کرنے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ بچوں پر تشدد یا ان کے استحصال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملزم کو اس غیر انسانی فعل پر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US