کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سوتیلی والدہ کے بہیمانہ قتل میں ملوث مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اورنگی ٹاؤن نمبر 1 میں پیش آیا، جہاں ملزم نے کلہاڑی کے پے در پے وار کر کے اپنی سوتیلی والدہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس خونی واردات کے دوران خاتون کو بچانے کی کوشش کرنے والا ایک پڑوسی بھی ملزم کے حملے کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اورنگی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ پر سخت مزاحمت کے بعد ملزم کو دھر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی کلہاڑی بھی برآمد کرلی ہے۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اس لرزہ خیز قتل کی بنیادی وجہ خاندانی رنجش معلوم ہوتی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جبکہ ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ قتل کے پس پردہ تمام حقائق کو سامنے لایا جاسکے۔