وینزویلا کے ہولناک زلزلے نے معروف فٹبالر کا گھر اجاڑ دیا، اہلیہ اور دونوں بچے جاں بحق

image

وینزویلا میں چند روز قبل آنے والے تباہ کن زلزلے نے ارجنٹینا کے معروف مقامی فٹبالر لوکاس تریخو کو ناقابلِ تلافی صدمے سے دوچار کردیا۔ قدرتی آفت میں ان کی اہلیہ یانینا مارانیلا اور دونوں بچے، آرون تریخو اور آئینہوا تریخو جان کی بازی ہار گئے۔

لوکاس تریخو کے کلب نے باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے اس افسوسناک خبر کی تصدیق کی اور فٹبالر و ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے وقت فٹبالر کی اہلیہ اور دونوں بچے ساحلی علاقے پلایا گراندے میں واقع اپنی رہائشی عمارت میں موجود تھے۔ شدید جھٹکوں کے باعث عمارت زمین بوس ہوگئی، جس کے بعد تینوں لاپتا ہوگئے تھے۔

ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی تلاش کے بعد ملبے سے تینوں کی لاشیں برآمد کر کے ان کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے کے وقت لوکاس تریخو اپنی ٹیم کے ساتھ دارالحکومت کراکاس میں آئندہ مقابلے کی تیاری کر رہے تھے۔ اہلِ خانہ کے لاپتا ہونے کی اطلاع ملنے پر انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے عوام سے اپنی بیوی اور بچوں کی سلامتی کے لیے دعا اور تلاش میں تعاون کی اپیل بھی کی تھی۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق 24 جون کو وینزویلا میں آنے والے ہولناک زلزلوں سے تقریباً 67 لاکھ 60 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ تقریباً 1500 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ہزاروں افراد اب بھی لاپتا ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US