وزیراعظم کی زرعی شعبے میں ایپکس فورم کے قیام کی ہدایت

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تنظیمِ نو اور زرعی شعبے میں اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبوں سے مشاورت کے بعد جامع قومی زرعی پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کو حقیقی معنوں میں زرعی تحقیق کا مؤثر مرکز بنایا جائے، کیونکہ زرعی شعبہ ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر معیار کے بیج، جدید زرعی ٹیکنالوجی، پانی اور کھاد کی بروقت فراہمی سے فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔ وزیراعظم نے زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن، جدید ویئرہاؤسنگ اور ذخیرہ سازی کے نظام کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

شہباز شریف نے زرعی شعبے میں ایپکس فورم کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم ایگریکلچر انوویشن اینڈ گروتھ پلان پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کرے گا۔

وزیراعظم نے زرخیزی-ای زرعی قرضہ پروگرام کے حوالے سے ملک گیر آگاہی مہم شروع کرنے اور کسانوں کو آسان زرعی قرضوں تک رسائی مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو زرعی اصلاحات سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں، جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر میں پائلٹ منصوبے کے تحت ملٹی گرین آٹے کی تیاری پر کام جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US