پی آئی اے کی ملکیت باضابطہ طور پر نئے مالکان کو منتقل ہوگئی ہے اور عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ایئر لائن کا انتظام سنبھال لیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب نے تصدیق کی کہ پی آئی اے کا انتظام کنسورشیم کے ضمنی ادارے "پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ" کے سپرد کیا گیا ہے، جسے مستقبل میں اسٹاک ایکسچینج پر لسٹ کرانے کا ارادہ بھی ہے۔
نجکاری کا یہ عمل کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد نئی انتظامیہ نے 29 جون 2026 سے باقاعدہ چارج لے لیا ہے۔ پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے یہ ملکیت 180 ارب روپے میں حاصل کی ہے، جس کے تحت 55 ارب روپے حکومت پاکستان کو ملیں گے جبکہ باقی ماندہ 125 ارب روپے پی آئی اے کے اندر ہی سرمایہ کاری کے طور پر استعمال کیے جائیں گے۔
یہ نئی سرمایہ کاری ایئر لائن میں آپریشنل اصلاحات، بیڑے کو جدید بنانے، نئے فضائی راستوں کے آغاز، ادارے کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے اور سروس و پراڈکٹ کے معیار کو بہتر بنانے پر خرچ کی جائے گی۔