لاہور ایئرپورٹ پر انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، باپ اور 2 بیٹے زیرحراست

image

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ حکام نے آذربائیجان جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز PA-468 سے ایک ہی خاندان کے تین مسافروں کو آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا، جن میں باپ اور اس کے دو بیٹے شامل ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران شک پڑنے پر جب مسافروں کو سیکنڈری ویریفیکیشن کاؤنٹر پر منتقل کیا گیا، تو تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے البانیہ کے ویزے اور سربیا سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ مسافروں کے موبائل فونز سے مشتبہ ٹریول ایجنٹس کے ساتھ رابطوں کا ریکارڈ بھی ملا۔

دورانِ تفتیش مسافروں نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے اٹلی جانے کے لیے سربیا اور آذربائیجان کا غیر قانونی روٹ اختیار کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس مقصد کے لیے ایجنٹ کے ساتھ فی مسافر 40 لاکھ روپے کا سودا طے پایا تھا، جس میں سے 34 لاکھ روپے فی مسافر پہلے ہی ادا کیے جاچکے تھے۔ ایف آئی اے امیگریشن نے تینوں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے حوالے کردیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US