امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور ان کے امریکی فٹبال سٹار منگیتر ٹریوس کیلسی نے نیویارک شہر کے میڈیسن سکوائر گارڈن میں اپنی ’متوقع‘ شادی کی تقریبات کا آغاز کر دیا ہے۔

معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی شادی کی تقریبات کی (مبینہ طور پر)شروعات ہو چکی ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ اور اُن کے امریکی فٹبال سٹار منگیتر ٹریوس کیلسی نے نیویارک شہر کے میڈیسن سکوائر گارڈن میں اپنی ’متوقع‘ شادی کی تقریبات کا آغاز کر دیا ہے۔
فضا سے لی گئی فوٹیج میں سیاہ رنگ کی ایس یو ویز میں سوار مہمانوں کو میڈیسن سکوائر گارڈن پہنچتے دیکھا جا سکتا ہے اور میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس میں اِس ایونٹ کو شادی کی باقاعدہ تقریب سے پہلے کی پارٹی یا ممکنہ ریہرسل ڈنر قرار دیا جا رہا ہے۔
جمعرات کے روز نیویارک میں شدید گرمی کے باوجود پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد اس مقام پر سکیورٹی انتظامات میں مصروف رہی جبکہ ذرائع ابلاغ کے نمائندے اور کیمرے کسی بھی ایسے موقع کی ایک جھلک پانے کی کوشش کرتے نظر آئے جس سے اس بات کی تصدیق ہو سکے کہ اس مقام (ایرینا) کے اندر کیا ہو رہا ہے۔
امریکی وقت کے مطابق جمعرات کو ہونے والی اس تقریب میں تقریباً 100 افراد کی شرکت متوقع تھی، جس کے بعد آج (جمعہ) کو اسی مقامپر ایک اور بہت بڑی تقریب منعقد ہو گی، جس میں ایک ہزار تک مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔
خبررساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کو جمعرات اور جمعہ کو ہونے والے پروگرامز میں شرکت کے اجازت نامے موصول ہوئے ہیں جن کے مطابق کہ تقریباً 100 مہمان ’پری پارٹی نائٹ‘ کے لیے شام ساڑھے پانچ کے قریب پہنچنا شروع کر دیں گے اور یہ پارٹی رات ساڑھے دس بجے تک جاری رہے گی۔
امریکی اخبار ’پیج سِکس‘ کے مطابق فلمسٹار بریڈلی کوپر اور امریکی فیشن ماڈل جیجی حدید اس ایونٹ کے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ پاپ سٹار سلینا گومز نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ تصاویر شیئر کی ہیں جس میں وہ کالے رنگ کے گاؤن میں ملبوس کسی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہی ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ اور ان کے منگیتر ٹریوس کیلسی نے نیویارک شہر کے میڈیسن سکوائر گارڈن میں اپنی ’متوقع‘ شادی کی تقریبات کا آغاز کر دیا ہےٹیلر سوئفٹ کے فینز (پرستار) میڈیسن سکوائر گارڈن کے باہر جمع ہیں، حالانکہ نیویارک کے میئر واضح انداز میں اور بار بار کہہ چکے ہیں کہ شہری گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے اپنے گھروں کے اندر ہی رہیں جبکہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا تھا۔
یہاں موجود ٹیلر سوئفٹ کے ایک فین ریان وینگ نے کہا کہ وہ یہاں شادی دیکھنے آئے ہیں۔ ’میں 15 برس سے اُن سے محبت کرتا ہوں، تو یہ میری زندگی کا بہت شاندار تجربہ ہو گا۔‘
ایک اور فین رسٹی کاربگ کہتی ہیں کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ٹیلر کی وجہ سے موسیقی کے حوالے سے میرا ذوق بہتر ہوا ہے۔‘
ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی تقریباً 2.2 ارب ڈالر کی مشترکہ دولت اور موسیقی، کھیل، فلم، پوڈ کاسٹ اور ٹیلی ویژن کی صنعتوں میں زبردست اثر و رسوخ کے ساتھ امریکہ کے بااثر ترین شادی شدہ جوڑوں میں سے ایک بن جائیں گے۔
’سوِفٹیز‘ کے لیے پریوں کی کہانی
جمعرات کو میڈیسن سکوائر گارڈن کے باہر دن بھر پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد شدید گرمی میں بھی مصروف رہیلیکن ’سوِفٹیز‘ (ٹیلر سوئفٹ کے فینز) کے لیے یہ شادی پریوں کی کسی کہانی سے کم نہیں۔
اس جوڑے کی کہانی کی شروعات سنہ 2023 میں ہوئی جب ٹریوس کو ٹیلر سوئفٹ کے کانسرٹس میں شرکت کرتے دیکھا گیا۔
بعد میں ٹریوس نے اپنے پوڈ کاسٹ میں انکشاف کیا کہ ابتدا میں انھوں نے ٹیلر سوئفٹ سے ملنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔
ایک ماہ بعد ٹریوس نے کہا کہ ’اگر آپ ٹیلر سوئفٹ کے کانسرٹ میں ہیں تو وہاں فرینڈ شپ بریسلٹ تقسیم کیے جاتے ہیں اور مجھے وہاں کافی زیادہ بریسلٹ ملے، لیکن میں ٹیلر کو اپنے نمبر کے ساتھ ایک بریسلٹ دینا چاہتا تھا لیکن میں ایسا نہیں کر سکا۔‘
ٹریوس کا یہ کلپ وائرل ہوا اور اس نے ٹیلر کی توجہ حاصل کی۔ ٹیلر اس بارے میں بتاتی ہیں کہ ’ایسا محسوس ہوا کہ وہ میرے اپارٹمنٹ کے باہر کھڑے تھے اور کہہ رہے تھے کہ میں آپ کے ساتھ ڈیٹ پر جانا چاہتا ہوں۔‘
پوڈکاسٹ کے بعد بہت سے لوگوں نے سوئفٹ کو اس بات پر راضی کیا کہ انھیں ٹریوس کو موقع دینا چاہیے۔
اسی سال ستمبر میں ٹیلر سوئفٹ کو ٹریوس کی والدہ کے ساتھ اُن کی امریکن فٹبال ٹیم ’کنساس سٹی چیفس‘ کی حوصلہ افزائی کرتے دیکھا گیا۔
اس کے بعد یہ جوڑا یہاں سے ساتھ نکلا۔
ٹیلر کے مداح حیران رہ گئے کیونکہ عام طور پر وہ اپنی نجی زندگی کے بارے میں خاصی احتیاط برتتی ہیں اور اس طرح سے یہ اُن کی جانب سے اس رشتے کا اعلان تھا۔

دو ماہ بعد ٹریوس کو ارجنٹائن میں ٹیلر کے شو میں دیکھا گیا۔ جب کانسرٹ ختم ہوا تو وہ بوسہ لینے کے لیے بھاگ کر ٹریوس کی بانہوں میں چلی گئیں۔
سنہ 2024 میں ٹیلر کو کئی بار ٹریوس کے فٹبال میچز کے دوران دیکھا گیا۔
ٹیلر اور ٹریوس نے جون 2024 میں لندن میں ہونے والے ایک شو کے دوران بیک سٹیج لی گئی تصویر کے ذریعے انسٹاگرام پر اپنے تعلق کو عوامی سطح پر ظاہر کیا۔ اس تصویر میں یہ جوڑا شہزادہ ولیم اور ان کے دو بڑے بچوں کے ساتھ دکھائی دیا۔
اگلی رات ٹریوس نے ٹیلر کے ڈانسرز میں سے ایک کے طور پر سٹیج پر اپنی پہلی پرفارمنس دی۔ وہ گلوکارہ کو اٹھا کر سٹیج پر موجود ایک صوفے تک لے گئے، جہاں انھوں نے اپنے اگلے گانے کی پرفارمنس سے قبل اپنا لباس تبدیل کیا۔
اس کے بعد بھی ٹریوس کو یورپ بھر میں ٹیلر سوئفٹ کے کانسرٹس کے دوران کئی بار دیکھا گیا۔
ٹیلر سوئفٹ کی منگنی اور ’کروڑوں روپے‘ کی انگوٹھی
ٹیلر سوئفٹ نے گذشتہ برس انسٹاگرام پر متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے پارٹنر ٹریوس کیلس سے منگنی کا اعلان کیا۔
اس پوسٹ کے ساتھ شیئر کیے گئے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’آپ کے انگریزی ٹیچر اور جِم ٹیچر کی شادی ہو رہی ہے۔‘
ان ہی تصاویر میں ایک تصویر ایسی بھی تھی، جس میں ان کی منگنی کی انگوٹھی نظر آئی۔
بتایا جاتا ہے کہ کیلس نے اس انگوٹھی کو ایک جیولر کے ساتھ مل کر ڈیزائن کیا، جس کا پرانا انداز سوئفٹ کی خوبصورتی سے میل کھاتا ہے جو ان کے البم دی ’لائف آف اے شو گرل‘ میں بھی نظر آتا ہے۔
ریٹیل جیولر میگزین کی مینیجنگ ایڈیٹر روتھ فالکنر کا کہنا ہے کہ ’اس صنعت کے ماہرین کا اندازہ ہے کہ اس انگوٹھی کی قیمت 19 کروڑ روپے (پاکستانی روپے میں) سے لے کر ڈیڑھ ارب روپے تک ہو سکتی ہے۔‘
یہ ہیرا 8 سے 10 قیراط کا قدیم پتھر لگ رہا تھا، جس کے بارے میں فولکر کا کہنا تھا کہ یہ کسی اینٹیک کے لیے ’بہت نایاب‘ ہے۔
جیولری پر گہری نظر رکھنے والی صحافی ریچل ٹیلر کا کہنا ہے کہ پتھر پر نرم چمک ممکنہ طور پر اس لیے تھی کیونکہ یہ مشین کے بجائے ہاتھ سے کاٹا گیا قدیم پتھر تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ سوئفٹ کی انگوٹھی مختلف کٹس اور بڑے سائز والے پتھروں کے ساتھ پرانے سٹائلمیں بنائی گئی ہے، جو گلوکارہ کے ’رومانوی‘ جمالیاتی انداز کے مطابق فٹ بیٹھتی ہے۔