اچھرہ کے علاقے میں گھریلو ناچاقی کے باعث شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق واقعے میں 35 سالہ مہوش جاں بحق ہوئی، جبکہ اس کے شوہر 33 سالہ ریحان لطیف نے بھی خودکشی کرلی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی پر اکثر جھگڑا رہتا تھا، واقعہ بھی اسی تنازع کے دوران پیش آیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جبکہ اے ایس پی گلبرگ اور ایس ایچ او اچھرہ بھی موقع پر موجود رہے۔ فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ریحان لطیف کی 11 سال قبل مہوش سے شادی ہوئی تھی اور دونوں کے دو بچے ہیں۔ ریحان پیشے کے اعتبار سے جم ٹرینر تھا۔
پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ شواہد اور تفتیش کی روشنی میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔