خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے مطابق صابر آباد کے علاقے میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ ہوا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کا اہلکاروں نے بھرپور جواب دیا، اور جوابی کارروائی میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔
سنٹرل پولیس آفس (سی پی او) کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد کمانڈر زاہد گروپ سے تعلق رکھتے تھے اور متعدد پولیس افسران و اہلکاروں کی شہادت سمیت مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ دہشت گرد 2025 اور 2026 کے دوران پولیس پر ہونے والے کئی حملوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں بھی ملوث تھے۔
سی پی او نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔